اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق

قومی آواز ۔ اسلام آباد
Sunday, April 07, 2018

حادثہ وفاقی دارالحکومت میں دامن کوہ کے قریب پیش آیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

امریکی سفارتکار کو سفارتی استثنا کے سبب گرفتار نہیں کیا گیا۔ موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والی گاڑی امریکی سفارت خانے کے ائیر ڈیفنس اتاشی جوزف ایمانوئل چلا رہے تھے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے، واقعے کا مقدمہ جاں بحق نوجوان عتیق کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
(یہ خبریں آپ قومی آواز کینیڈا پر پڑھ رہے ہیں)
پولیس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کے وقت امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی خود گاڑی چلا رہے تھے اور گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث سفارتکار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مارنے والی امریکی سفارت خانے کی گاڑی تھانہ کوہسار میں کھڑی ہے۔ فوٹو: جیو نیوز
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کو پمز اسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امریکی سفارت خانے کو بھی حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی سفارتکار نے سگنل بند ہونے کے باوجود گاڑی نہیں روکی۔

ایف آئی آر درج
اسلام آباد کے تھانہ کوہسار نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق امریکی سفارتکار نے سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ اپنے کزن کے ہمراہ ایف ایٹ سے مارگلہ روڈ کی طرف آرہا تھا کہ دامن کوہ چوک پر سفید رنگ کی گاڑی نے سرخ سگنل توڑتے ہوئے کچل ڈالا۔

حادثے میں عتیق موقع پر جاں بحق اور کزن راحیل شدید زخمی ہوا، گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ائیر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف چلارہے تھے اور حادثہ گاڑی ڈرائیور کرنل جوزف کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ہفتہ 7 اپریل کو سہ پہر 3 بجے کے قریب امریکی سفارتکار کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماردی تھی اور حادثے کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

سفارتخانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا تھا جبکہ سفارتی استثنا کے باعث گاڑی چلانے والے سفارتکار کو گرفتار نہیں کیاگیا۔

دفتر خارجہ کا بیان
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں